30 جون 2013 - 19:30
مصر میں شیعہ عالم دین کی شہادت، ایک دردناک واقعہ

اسلامی بیداری عالمی سیکریٹرئيٹ کے سربراہ ڈاکٹر ولایتی نے کہا ہےکہ مصر کی حکومت عالم دین شیخ شحاتہ اور ان کے تین ساتھیوں کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دے۔

ابنا: ڈاکٹر ولایتی نے کہاکہ مصری حکومت کو یہ یقین دلانا  ہوگا کہ اس طرح کے بہیمانہ واقعات دوبارہ نہیں ہونگے۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے مصر میں انتھا پسند وہابیوں کے ہاتھوں عالم دین شیخ حسن شحاتہ اور انکے ہمراہ بعض لوگوں کی شہادت پر ایک تعزیتی بیان جاری کرکے کہا ہےکہ یہ ایک درد ناک اور تلخ واقعہ ہے جس سے ہر انسان کا دل دکھ جاتا ہے۔ ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ بے شک ایسے اقدامات جو اسلام کی مخالفت اور اسلامی مذاہب کے درمیاں اختلافات ڈالنے کی غرض سے انجام پاتے ہیں ان کا منصوبہ بنانے والا سامراج اور صیہونیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعات دراصل مسلمانوں کے اتحاد و یکجہتی اور اسلامی بیداری کے پھیلاؤ سے دشمنوں کے خوف و ہراس کا ظاہر کرتا ہے۔
ادھر عالمی مجلس برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ آیت اللہ شیخ محسن اراکی نے بھی ایک بیان جاری کر کے مصر میں انتھا پسند تکفیریوں کے ہاتھوں چار شیعہ مسلمانوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔ آیت اللہ اراکی کے پیغام میں آیا ہے کہ ہر مسلمان پر واجب ہے کہ وہ تکفیری ملاؤں اور ان کے  پیرؤں کو مساجد میں داخل ہونے سے روکیں۔
آيت اللہ اراکی کے بیان میں آیا ہے کہ مصر جو کہ ہمیشہ سے تہذیب و تفکرو اتحاد و تقریب کا گہوارہ  رہا ہے اس کے عوام جن کی پہچان صلح و دوستی اور اسلام و ایمان ہے اس تکفیری جرم سے بری ہیں۔  انہوں نے کہا کہ اسلام بھی اس طرح کے اقدامات سے بری ہے۔ عالمی مجلس برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ نے مصر میں تکفیریوں کے ہاتھوں چار مسلمانوں کے قتل پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلمانان عالم بالخصوص اھل مصر کو تکفیریوں سے ہوشیار رہنے کی سفارش کی۔ آیت اللہ اراکی نے کہا کہ سب پر واجب ہے کہ تکفیری فکر کا متحد ہوکر مقابلہ کریں اور اس بنیادی خطرے کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کےلئے کوشش کریں۔ آیت اللہ اراکی  نے کہا کہ تمام علماء و مبلغین کا فریضہ بنتا ہےکہ وہ اھل اسلام کو محبت و دوستی اور امن و پیار سے رہنے کی دعوت دیں اور تکفیری فتووں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں جو بھائي کو بھائي کا خون بہانے پراکسارہے ہیں۔
.....
/169